بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی دنیا کی بہترین 100-51 جامعات کی کیٹیگری میں شامل

منگل 16 اپریل 2024 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) جامعات کی عالمی درجہ بندی کرنے والے نامور ادارے کیو ایس نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کو مضامین کی بنیاد پر جاری رینکنگ میں دنیا کی بہترین100-51 جامعات کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، کیو ایس کی حالیہ تازہ ترین جاری رینکنگ 2024 کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اِلٰہیات، الوہیت اور مذہبی علوم (اسلامک سٹڈیز) میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بہترین 100-51 جامعات کی فہرست میں شامل ہوئی۔

اسی رینکنگ میں جامعہ کے شعبہ ریاضی کو دنیا بھر میں 351-400 بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے،رواں سال بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پہلی بار شعبہ طبیعیات میں بھی 601-640 کی کیٹیگری میں شامل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر ثمینہ ملک اور صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے یونیورسٹی کمیونٹی کو کامیابی کا ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر پر مبارکباد دیتے ہو کہا کہ یونیورسٹی کی کے حوالے سے حالیہ مثبت نتائج یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے متعارف کرائی گئی مسلسل اصلاحات اور اقدامات کا نتیجہ ہیں جس میں یونیورسٹی کے نئے سٹرٹیجک پلان کی تیاری بھی شامل ہے جس نے سائنسی بنیادوں پر یونیورسٹی کی کامیابیوں کا صحیح جائزہ لینے میں بھی مدد کی۔

یونیورسٹی کی قیادت نے بتایا کہ آنے والی رینکنگ اس سے بھی زیادہ مثبت ہو گی کیونکہ یونیورسٹی کے سٹرٹیجک پلان پر عملدرآمد اور اکیڈمک آڈٹ جیسے مختلف اقدامات کے ذریعے نئی اصلاحات اور اقدامات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ یونیورسٹی نے تحقیق اور انٹرپرائز پر جامع کام بھی شروع کیا ہے جو صنعت کے ساتھ روابط، بین الاقوامی فنڈڈ منصوبوں کی منظوری، تحقیق میں تعاون اور اشتراک کے بین الاقوامی اقدامات کے ذریعے درجہ بندی کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ یونیورسٹی کی قیادت نے اس عالمی درجہ کے لیے انتھک کوششوں پر ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس اینڈ ڈویلپمنٹ اور ریسرچ اینڈ انٹرپرائز کے شعبہ جات کی محنت کو سراہا ہے۔

متعلقہ عنوان :