باجوڑ ،تنی ماموند میں رابطہ پل نہ ہونے سے سیلابی ریلے میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق ،ایک زخمی

منگل 16 اپریل 2024 21:25

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) باجوڑ کے علاقہ تنی ماموند میں رابطہ پل نہ ہونے کی وجہ سے سیلابی ریلے میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ضلع باجوڑ کے تحصیل وڑ ماموند علاقہ تنی فرش کے مقام پر دو موٹرسائیکل سوار رابطہ پل نہ ہونے کیوجہ سے سیلابی ریلے کی نظر ہوگئے ۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں اور ریسکیو کی کوششوں سے ابتداء میں ایک شخص کوزخمی حالت میں نکالا گیا جبکہ دوسرا شخص سیلابی ریلے میں لاپتہ ہوگیا جس کو نکالنے کے لئے پاک فوج ، باجوڑ سکائوٹس ، ریسکیو 1122، الخدمت فائونڈیشن اور مقامی لوگوں نے کوششیں کی ۔

طویل کوششوں کے بعد بالاخر کار 6گھنٹے بعد نعش کو نکالاگیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت اکرا م اللہ ولد غلام یوسف سکنہ تنگی سلارزئی عمر 22سال کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زید ولد صلاح الدین سکنہ شینکوٹ کو زخمی حالت میں نکالاگیاتھا جس کا علاج جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حمید الرحمن اور کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اس علاقے میں رابطہ پل نہ ہونے کیوجہ سے ماضی میں بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوئے تھے اور کئی قیمتی جانیں بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے ضائع ہوگئے تھے ۔