مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے،سی ٹی او

بدھ 17 اپریل 2024 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظرمال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ مال روڈ فیصل چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے انتہائی مثبت اثرات، ہیڈ انجری کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے ہسپتالوں میں غیر معمولی لوڈ میں کمی دیکھنے میں آئی، اس کے باوجود بھی 58شہریوں نے اپنی قیمتی جانیں ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے گنوا دیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہاکہ 70فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئند ہے مگر اس میں مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے، رواں سال کے دوران 70 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کےخلاف کارروائی کی گئی اور بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور نے افسران کو واضح کیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو مال روڈ پر سفر نہیں کرنے دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مال روڈ کے ساتھ ساتھ کینال روڈ، جیل روڈ، سمیت تمام اہم شاہراہوں ، کاہنہ،نشتر،رائے ونڈ روڈ و دیگر مضافاتی شاہراہوں پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔