ڈی پی او ایبٹ آباد کی زیر صدارت پولیس کی ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد

بدھ 17 اپریل 2024 17:34

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل کی زیر صدارت ایبٹ آباد پولیس کی ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقادکیا گیا۔ میٹنگ میں ایس پی ٹریفک طارق خان، ایس پی انوسٹی گیشن سید مختیار شاہ، ایس پی کینٹ ڈاکٹر محمد عمر، اے ایس پی کینٹ فائزہ تنویر، جملہ سرکل ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات سمیت جملہ تھانہ جات کے انوسٹی گیشن افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کےدوران ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے گزشتہ ماہ کے مجموعی کرائم، پولیس کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔دوران میٹنگ ضلع بھر میں جرائم بالخصوص، مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں و جرائم کے تدارک کے حوالے سے کاروائیاں عمل میں لانے کی ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

پولیس افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈی پی او عمر طفیل کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈائون عمل میں لایا جائے ، مجرمان اشتہاریوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے جبکہ تھانہ میں آنے والے سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئےزیر تفتیش مقدمات کو جلد یکسو کیا جائے جبکہ موثر گشت کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ضلعی پولیس سربراہ عمر طفیل نے دوران میٹنگ جملہ ایس ایچ اوز ، تفتیشی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے سنگین مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاریوں/ ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور جلدازجلد زیر تفتیش مقدمات کو حقائق کی روشنی پر یکسو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی کارکردگی مزید بہتر کرے اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے، قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی ، رہزنی جیسے جرائم کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور سٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور گشت کے نظام کو بہتر بنایا جائے، تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ پرکی جائے۔

انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقہ میں سودخوروں ، منشیات فروشوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ کارروائی کریں جبکہ مظلوم کی دادرسی کو یقینی بنائیں بے وجہ لوگوں کو تنگ نہ کریں، مقدمہ میں مطلوب اصل ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی کارکردگی بہتر کرئے عوام کے ساتھ بہترین رویہ اپناتے ہوئے ان کی شکایات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ ، لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔