عوامی سکیموں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر مواصلات خیبرپختونخوا

بدھ 17 اپریل 2024 21:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہا ہے کہ محکمہ کے افسران عوامی منصوبوں کے معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کو ہرحال میں یقینی بنائیں ، عوامی سکیموں کے معیار پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مشرقی ونگ کے عوامی منصوبوں سے متعلق بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایسٹ ونگ کے چیف انجینئر، ایکسینز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر محکمہ موصلات و تعمیرات ایسٹ ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ا ہم فیصلے بھی کیے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ عوامی سکیموں کے لئے درکار راضی کے مالکان کو پہلے رقم ادا کرے اور پھر عوامی منصوبوں کی تکمیل کے عملی اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ٹھیکیدار وں کے ٹینڈز کی رجسٹریشن کے وقت فزیکلی اس بات کو جانچیں کہ ان کے پاس بہتریں انجینئر اور مشینری ہے اور وہ کام کے مطلوبہ معیار پر پورا اترتا ہے یا کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے فیلڈ سٹاف روزانہ کی بنیاد پر عوامی سکیموں کی نگرانی کرے اور منصوبوں کی وقتا فوقتا تصاویر اور ویڈیو اپلوڈ کی جائیں۔ اگر کسی بھی عوامی سکیم میں فرق ہو تو محکمہ فوری اس ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کر تے ہوئے اسے بلیک لسٹ کردے اور محکمہ تمام عوامی سکیموں کی تکمیل پر مٹیریل ٹیسٹ کے بعد رقم کی ادائیگی کرے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ کی جتنی بھی سرکاری گاڑیاں غیر قانونی طور پر لوگ استعمال کر رہے ہیں ان کی واپسی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :