روٹی ونان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے بلال یاسین کا مختلف علاقوں کا دورہ

جمعرات 18 اپریل 2024 12:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے روٹی اور نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے ٹیمپل روڈ، کریم پارک اور ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقوں کااچانک دورہ کیا،مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13 افراد موقع سے گرفتار کر لئے گئے۔ جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں، ہر حال میں روٹی 16 روپے، نان 20 روپے میں دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی تھی،کسی کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے، عوام کو سستی روٹی فراہم کر کے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ مڈل مین کی بجائے عوام کو پہنچنا چاہیے، صبح شام فیلڈ میں نکل رہے ہیں، 80 فیصد علاقوں میں سستی روٹی اور نان دستیاب ہے۔بلال یا سین نے کہا کہ100 فیصد عملدرآمد تک آپریشن جاری رہے گا،تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت 500 روپے کمی کی گئی ہے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا رہے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں،کسی پر جبر نہیں کر رہے، حکومت کا مشن عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :