صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، بلال یاسین کا حالات کا جائزہ لینے کیلئے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا دورہ

میاں منشی ہسپتال کے حالات مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے،ری ویمپنگ منصوبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرینگے‘گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2024 14:50

صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، بلال یاسین کا حالات کا جائزہ لینے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر خوراک بلال یاسین نے حالات کا جائزہ لینے کیلئے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عبدالحق بھٹی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف، پروفیسر معین، ایم ایس ڈاکٹر اختر، ڈاکٹر احمد، معروف کاروباری شخصیت بشیر احمد اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران موجود تھے۔

صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین نے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ری ویمپنگ منصوبے کا جائزہ لیا۔صوبائی وزراء نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے صوبائی وزراء کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کے حالات مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

یہ ہسپتال بند روڈ و ملحقہ علاقہ جات کی ہزاروں کی آبادی کیلئے علاج کی بہت بڑی سہولت ہے۔ ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے کو مکمل کروانے کی سب سے بڑی ذمہ داری ایم ایس اور متعلقہ اداروں کی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میاں منشی ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں ری ویمپنگ و دیگر اپ گریڈیشن منصوبے کے حوالے سے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔

اس ہسپتال میں سی ٹی سکین کی سہولت کے بعد مریضوں کیلئے بہت آسانی پیدا ہو گی۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں ٹراما سنٹر اور سنٹرل آکسیجن سپلائی کا منصوبہ جلد مکمل کروائیں گے۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاکہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ بلال یاسین نے کہاکہ ری ویمپنگ منصوبے میں تاخیر کرنے والی فرمز کو بلیک لسٹ کریں گے۔