ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے متعلق اجلاس

جمعرات 18 اپریل 2024 16:28

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے، تعمیراتی میٹریل کے معیار کو یقینی بنانے، تاخیر کے شکار منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں سستی اور غفلت برتنے والے افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں سندھ حکومت کے صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام، ضلعی ترقیاتی پروگرام، مرمت، تزئین و آرائش، پیٹرولیم فنڈز سے ضلع مٹیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر ورکس اینڈ سروسز،سکول ایجوکیشن، ہائی ویز، بلڈنگز اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بعض سکیموں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بلا تاخیر کام شروع کریں اور ضلع کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تصویروں کے ساتھ تفصیلی پیش رفت رپورٹ جلد از جلد ارسال کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کہرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مونس احمد، ایکسیئن وقار انور، ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالستار شیخ، عابد قمر اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :