معیاری تعلیم کے بغیر ترقی اور اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے، صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم

جمعرات 18 اپریل 2024 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم اور تحقیق بہت ضروری ہے ، معیاری تعلیم کے بغیر کوئی قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکتی ۔ وہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاورمیں کوالٹی ایشورنس ایجنسی، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے منعقدہ کوالٹی اینہانسمنٹ سیل کے لئے تین روزہ جائزہ اجلاس اور ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے معیاری تعلیم کی بنیادی اہمیت کو اجاگر کیا اور ایچ ای سی اور پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے معیاری تعلیم کو ترجیح دینے اور اسے فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا یونیورسٹی ایکٹ میں ترامیم لارہے ہیں جس کے لئے باقاعدہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ سب کمیٹیاں بھی بنارہے ہیں ، ایکٹ میں ترامیم لانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے تجاویز لیں گے ، اس کے علاوہ ایک ریفارمز کمیٹی بھی بنی ہے جو تمام کالجز اور یونیورسٹیز کو ڈیٹا مہیا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کو یقینی بنائینگے اور جامعات کو بحرانوں سے نکالیں گے لیکن اس کے لیے ہرایک نے اپنے حصے کی بھرپور کوشش کرنی ہوگی ۔ تقریب میں صوبے اور دوسری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، پروفیسرز، سٹیک ہولڈرز اور دیگر نے شرکت کی ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے مہمان خصوصی اور تمام شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ایچ ای سی میں کوالٹی ایشورنس کے ڈائریکٹر جنرل جناب ناصر شاہ نے پی ایس جی 2023 کے فوائد کا جائزہ لیا اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے اور اسے بلند کرنے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اندر بہتری اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے کی صلاحیت پر زور دیا۔