ترقی کے یکساں مواقعوں پر یقین رکھتا ہوں ، گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتیں خطے کی تعمیر کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں، وزیراعلی گلگت بلتستان

جمعرات 18 اپریل 2024 21:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ ترقی کے یکساں مواقعوں پر یقین رکھتا ہوں ، گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتیں خطے کی تعمیر کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں ۔ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے بتایا ہے کہ گزشتہ شب ہم خیال گروپ کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی راجہ اعظم خان اور اسلامی تحریک پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد علی قائد کی قیادت میں وفد نے وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ملاقات کی ،اس موقع پر رکن گلگت بلتستان اسمبلی و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ فتح اللہ خان اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے معدنیات مولانا سرور شاہ بھی موجود تھے ، ملاقات میں باہمی سیاسی امور ،گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی ،پائیدار امن ، خوشحالی اور بھائی چارے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کے تمام اقوام ، مسالک ، علاقے اور زبان بولنے والوں کا وزیر اعلی ہوں اور ترقی کے یکساں مواقعوں پر یقین رکھتا ہوں ، گلگت بلتستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ خطے کی تعمیر کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں ، ہم سب کو ساتھ لیکر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ، پہلے سے ہی اتحادی حکومت ہے اور مزید بھی اتحادیوں کے قائل ہیں کیونکہ یہ خطہ سب کا گھر ہے تمام نے ملکر گلگت بلتستان کو مختلف بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرنا ہے ، اسلامی تحریک پاکستان کے قائدین نے کہا کہ ہم مسلکی و علاقائی ہم آہنگی کو تقویت دینا چاہتے ہیں اور گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد میں امن ،اتحاد اور علاقائی ترقی کیلئے حکومت کے ہاتھ مظبوط کریں گے ، ہم خیال گروپ کے رکن اسمبلی راجہ اعظم خان نے باقاعدہ طور پر حکومت میں شامل ہونے کا اعلان کیا ،وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور کابینہ ممبران نے راجہ اعظم خان کی حکومت میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے خطے کی تعمیر و ترقی ، امن اور اتحاد کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :