صوبائی وزیر خوراک کاشہر کے مختلف علاقوں کادورہ، مہنگی روٹی ونان بیچنے پر13افراد گرفتار

جمعرات 18 اپریل 2024 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلی ٰپنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبہ کے عوام کو سستی روٹی فراہم کرنے کا مشن جاری ہے ،ترجمان کے مطابق وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے جمعرات کے روز بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ پر روٹی اور نان کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے دورے کیئے۔ صوبائی وزیر نے ٹیمپل روڈ، کریم پارک اور ٹھوکر کے علاقوں میں نان روٹی کی دکانوں پر قیمتوں کا جائزہ لیا۔

اس دوران مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13 افراد موقع پرگرفتار اور مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے پوائنٹس سیل کیے گئے۔ وزیر خوراک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قبول نہیں، ہر حال میں روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے میں دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

بلال یاسین نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی تھی اور کسی کے نقصان کی بجائے اس قیمت میں عوام کا فائدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے اور عوام کو سستی روٹی فراہم کر کے ہی دم لیں گے۔ بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ مڈل مین کی بجائے عوام کو پہنچنا چاہیے اور یہی ہمارا مشن ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ صبح شام فیلڈ میں نکل رہے ہیں اور 80 فیصد علاقوں میں سستی روٹی ونان دستیاب ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 100 فیصد عملدرآمد تک آپریشن جاری رہے گا، تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت 500 روپے کمی کی گئی ہے۔

وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا رہے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں اور کہیں بھی خلاف ورزی پر انتظامیہ کو مطلع کریں۔ بلال یاسین نے کہا کہ حکومت روٹی نان بیچنے والے محنت کشوں کے خلاف نہیں، انہیں ساتھ بٹھا کر تمام اعدادوشمار شئیر کیے ہیں، روٹی کی نوٹیفائیڈ قیمت پر فراہمی ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں ادا کریں گے۔