محکمہ اسکول ایجوکیشن اور تمام اداروں کے افرادی قوت کا ڈجیٹل بنیادوں پر سینٹر لائیز ڈیٹابیس بنایا جائے ،صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ

جمعرات 18 اپریل 2024 23:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ سے منسلک تمام افرادی قوت کا سینٹر لائیز ڈیٹابیس مرتب کرنے، ٹرانسفر پوسٹنگ اینڈ پلیسمینٹ مکینزم کو آن لائن کرنے اور 2012 کی بھرتیوں کے متنازعہ کیسز کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر تعلیم و معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے،اجلاس میں ہدایات دیتے صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن اور اس کے منسلک تمام اداروں کے سوا 2 لاکھ کے قریب افسران، ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف و دیگر افرادی قوت کا ڈجیٹل بنیادوں پر سینٹر لائیز ڈیٹابیس بنایا جاۓ،ڈیٹا بیس میں گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک تمام ملازمین و افسران کی تفصیلات شامل کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینٹر لائیز ڈیٹابیس کے دوسرے مرحلے میں افسران، اساتذہ و دیگر ملازمین کی پرفارمنس رپورٹ کے مکینزم کو منسلک کیا جاۓ گا جس سے کارکردگی کی بنیاد پر مراعات و پروموشن دینے کے عمل کو میرٹ کی بنیاد پر شفاف بنانے میں مدد مل سکے گی۔صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے آیچ آر ڈائریکٹوریٹ کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے اگر محکمہ میں کوئی ملازم ڈیلی ویجز پر کام کر رہا ہے تو اس کی بھی ڈیٹا انٹری کی جاۓ۔

صوبائی وزیر نے کہا ڈائریکٹر جنرل ایچ آر کی کچھ ٹیکنیکل پوسٹ کو ضرورت کے تحت مارکیٹ بیس بنانے کی ضرورت ہے، معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جاۓ۔وزیر تعلیم سندھ نے مزید ہدایات کیں مئی مہینے کے وسط تک ای ٹرانسفر پالیسی کو دوبارہ فعال کیا جاۓ تا کہ اساتذہ ٹرانسفر کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں۔انہوں نے کہا آن لائن آنے والی درخواستوں پر ضرورت کے مطابق اسٹوڈنٹ ٹیچر ریشو کے مطابق منظوری کے لیے بھیجا جائےۓ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی تفصیلات ایچ آر ڈائریکٹوریٹ سے شیئر کی جائیں گی جبکہ ٹرانسفر کے سلسلے میں ایچ آر ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کرنا بھی لازمی ہوگا۔سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ایچ آر ڈائریکٹوریٹ یہ بھی ذمہ داری ہوگی کہ اسکول سے ٹرانسفر کی صورت میں تدریسی عمل متاثر نہ ہونے کو یقینی بنائے،اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایچ آر نان وائبل یا ختم کیے گئے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی درخواست وصول کرے گا اور جوائنٹ ویریفکیشن ٹیم اور سیکرٹری تعلیم کی مشاورت سے اسکول کی پوزیشن واضع کر کے رپورٹ پیش کرے گا،جبکہ ساتھ ساتھ یہ بھی طے کیا گیا کہ نان وائبل اسکولز میں اساتذہ کی تعینات ہونے کے اسباب اور تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ایچ آر، آر ایس یو اور متعلقہ ضلعی افسر پر مشمتل کمیٹی انکوائری کرے گی۔

صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایچ آر کی طرف سے اسکولز میں نئے بھرتی ہونے والے سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی سینکشن اسٹرینتھ اور ضرورت کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالت میں زیر التواء درخواستوں کے علاوہ 2012 کی اپائینمینٹ کی متنازع درخواستوں کو مکمل طور پر بند کردیا اور تمام تر صلاحیتوں کو نئی بھرتیوں پر صرف کیا جائےجس سے وقت اور افرادی قوت کی بچت ہو سکے۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ تمام ڈائریکٹوریٹس اساتذہ اور ملازمین کی کارکردگی رپورٹس پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :