سکھر کے تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیا کی فراہمی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

جمعہ 19 اپریل 2024 18:56

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) سکھر ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کے استعمال، اشیاء پہنچانے، سہولت کاری ، تعلیمی ماحول کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن اور سماجی مسائل کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت حل کرنے کا فیصلے کیا گیا ہے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسو، ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز خیرپور، گھوٹکی، اور سکھر، یونیورسٹیز ، آئی ٹی سینٹرز اور دیگر تعلیمی اداروں کے افسران اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی ۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے سکھر ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کے استعمال، اشیاء پہنچانے، نوجوانوں کو نشے پر راغب اور سہولت کاری کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیا کی فراہمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے عمل کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے جس میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شامل ہوں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور سماج دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ایسے عمل میں ملوث ہیں جن كو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ،انسداد منشیات وقت کی ضرورت ہے ،یہ ایکشن تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ڈی آئی جی سکھر عبدالحمید کھوسو نے کہا کہ نشہ آور اشیاء کی فروخت، سہولت کاروں، پشت پناہی کرنے والوں سمیت دیگر ملوث عناصروں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا جس کی سرکوبی کے لیےقانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد بھی حاصل کی جائے گی ۔ اجلاس میں معاشرتی سطح پر انسداد منشیات قانون کا استعمال لازمی قراردیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز سمیت دیگر شرکاء اجلاس نے تمام تر پہلوئوں پر تفصیل سے غور و خوص کیا اور سماجی برائی کے خاتمے کے لیے سیر حاصل منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات کے علاوہ سرکوبی کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :