وزیراعلی پنجاب کا وژن کھیلوں کی ترقی ہے، مختلف شہرں میں بیس بال گرائونڈز بنائے جائیں گے، صوبائی وزیرکھیل

جمعہ 19 اپریل 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیرکھیل وامورنوجوانان پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ایف سی کالج لاہور میں چیف منسٹرپنجاب بیس بال لیگ کے دوسرے روزکے میچز کا افتتاح بیس بال کھیل کرکردیا ۔ ترجمان کے مطابق تقریب میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال اور کینیڈا و امریکہ سمیت کئی ممالک کے کوچز جن میں سٹیو ڈیووس،مکی ویسٹن،جسٹن رہوڈز،برائن فرچس،ربیکا پیک،شینن فرچس اورایلی فرچس بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرکھیل نے کہا کہ بیس بال لیگ کے انعقاد میں سپورٹس بورڈ پنجاب مکمل تعاون کر رہا ہے،ملک بھر سے شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں،ایونٹ میں 70سے زائد خواتین کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں بیس بال کے گرائونڈز بھی بنانے جارہے ہیں،مجھے یقین ہے کہ یہی کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں گولڈ میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا وژن سپورٹس کی ترقی ہے،ایسے ایونٹس کے انعقاد سے نوجوان برائیوں سے بچ جائیں گے،غیر ملکی کوچز نے بتایا کہ امریکہ سے زیادہ یہاں کے لوگ گیمز کیلئے پرجوش ہیں،بیس بال کے بھرپور میچز ہورہے اورکھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر پنجاب بیس بال لیگ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے ہرممکن تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

سیکرٹری بیس بال فیڈریشن سید فخر شاہ نے صوبائی وزیرکھیل اور ڈی جی سپورٹس کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیرکھیل پنجاب کا ایف سی کالج پہنچنے پر پرتپاک استقبال اور کھلاڑیوں سے تعارف کرایاگیا ۔ فیصل ایوب کھوکھر کی غیر ملکی کوچز سے بھی ملاقات ہوئی۔