الحمرا میلوڈیز میں نامور قوال ندیم جمیل کی ساتھیوں کے ہمراہ شاندار پرفارمنس

ہفتہ 20 اپریل 2024 11:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) الحمرا میلوڈیز میں نامور قوال ندیم جمیل کی ساتھیوں کے ہمراہ شاندار پرفارمنس نے شائقین کے دل موہ لئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سربراہ الحمرا طارق علی بسرا نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پروگرام کا مقصد معاشرے میں پیار ومحبت،امن وسلامتی اور بھائی چارہ کی روایات کو فروغ دینا ہے،قوالی آٹھ سو سال پرانی روایت ہے جس کا آغاز امیر خسرو نے صوفی پیغام کو عوام تک پہچانے کے لئے کیا،قوالی میں اخلاقیات، تذکیہ نفس، معرفت،اپنی اور اپنے خالق حقیقی کی پہچان کا پیغام دیا جاتا ہے،اس اعتبار سے یہ صنف بہت معتبر ہے۔

درایں اثنا ندیم جمیل قوال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دھرتی صوفیوں کے پیغام سے مہک رہی ہے،صوفی ازم کے پیغام کے اظہار کیلئے قوالی کی صنف آئی،قوالی کو اسکی اصل شکل میں بحال رکھنا الحمرا کا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمرا میلوڈیز میں قوالی پیش کرنے کا مقصد آج کی نوجوان نسل کو اس پیغام بارے آگاہ کرنا ہے جو ہمیں صوفیا کرام نے دیا۔