ڈی جی فوڈاتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا لاہور زون میں کریک ڈائون

81لیٹر ملاوٹی دودھ، 300کلو بیمار کم وزن مرغیاں ،1من سے زائد ایکسپائر اشیا اور کولڈ ڈرنکس تلف 6فوڈ پوائنٹس ،یونٹس کی چیکنگ ،16لاکھ 73ہزار کے جرمانے عائد، 6یونٹس کی پروڈکشن بند، 3مقدمات درج

ہفتہ 20 اپریل 2024 14:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) ڈی جی فوڈاتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور زون میں کریک ڈائون کرتے ہوئے 1416فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی ،16لاکھ 73ہزار کے جرمانے عائد، 6یونٹس کی پروڈکشن بند، 3مقدمات درج کیے گئے جبکہ 7881لیٹر ملاوٹی دودھ، 300کلو بیمار کم وزن مرغیاں اور 1من سے زائد ایکسپائر اشیا اور کولڈ ڈرنکس تلف کر دی گئیں ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ اور ضلع بھر کے داخلی راستوں کی کڑی ناکہ بندی کے دوران 5لاکھ93ہزار لیٹر سے زائد دودھ 19ہزار کلو مرغیوں کا معائنہ کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ معیار کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ سٹوریج ایریا انتہائی گندا، بدبودار ماحول، ملامین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے۔

(جاری ہے)

پروسیسنگ ایریا میں کھلی نالیاں اور ٹوٹے فرش پر ایکسپائر اجزا سے خوراک کو تیار کیا جارہا تھا۔ پروسیسنگ ایریا میں کیڑے مکوڑوں کی بھرمار اور سگریٹ موجود پائے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 477 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 52 نئے فوڈ پوائنٹس کو لائسنس بھی جاری کیے گئے۔ ناقص انتظامات پر ایکشن لیتے ہوئے 6یونٹ بند اور 3کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں ممنوعہ، زائد المعیاد اشیا کا استعمال معدہ ،جگر کی بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے، پنجاب پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ملاوٹ مافیا کے جڑ سے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہری اپنے ارد گرد خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن1223پر دیں۔

متعلقہ عنوان :