مویشیوں کی کراچی میں آمد پر ان کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا ،سعید غنی

جمعہ 3 مئی 2024 17:54

مویشیوں کی کراچی میں آمد پر ان کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر مسائل کو حل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کے ایم سی، گڈاپ اور ابراہیم حیدری ٹائون کے مابین مویشیوں کی کراچی میں آمد پر ان کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے اجزا، جانوروں کی وینچینگ و سلاٹر سمیت دیگر مسائل کو قانون کے تحت افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے گا۔

معزز عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن اس معاملہ کے تمام پہلوئوں سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، سیکریٹری قانون، ارکان صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن، ڈائریکٹر کمیشن، ابراہیم حیدری ٹائون نظیر بھٹو، چیئرمین گڈاپ ٹائون طارق بلوچ، دونوں ٹائونز کے میونسپل کمیشنرز و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں معزز عدلیہ کی جانب سے کے ایم سی، گڈاپ اور ابراہیم حیدری ٹائون کے مابین مویشیوں کی کراچی میں آمد پر ان کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے اجزا، جانوروں کی وینچینگ و سلاٹر کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں مئیر کراچی مرتضی وہاب اور دونوں ٹائونز کے چیئرمینز نے اپنے اپنے موقف کو صوبائی وزیر و چیئرمین کمیشن کے سامنے رکھا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہم معزز عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں کے ایم سی اور ٹائونز کے مابین اس تنازعہ کو جلد ہی حل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام معاملہ کو قانونی اور حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے سنا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام فریقین کے باہمی مشاورت سے قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے افہام تفہیم سے حل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :