چمن میں طوفانی بارش سے مواصلاتی نظام شدید متاثر

بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغرب میں مغربی موسمی لہر کمزور پڑ گئی ، پی ڈی ایم اے

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چمن میں طوفانی بارش سے مواصلاتی رابطہ نظام شدید متاثر ہے ، رابطہ سڑکوں کو بری طرح سے نقصان پہنچا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغرب میں مغربی موسمی لہر کمزور پڑ گئی ہے اور بیشتر علاقوں میں بارشیں تھم گئی ہیں، مغربی لہر بلوچستان سے نکل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اطہر عباس کے مطابق ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردیں، ضلعی کمپلیکس میں متاثرین کی مدد کیلئے ہیلپ سینٹر قائم کردیا ہے۔اطہر عباس نے کہا کہ متاثرین ہیلپ سینٹر میں مالی و جانی اور علاقے کے نقصانات کی تفصیلات دے دیں، متاثرہ بالائی علاقوں میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے خیمے، خوراک اور گھریلو سامان فراہم کردیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ لینڈ لائن، پی ٹی سی ایل، ٹیلی فون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہیں۔ کوڑک ٹاپ کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹادیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ چمن شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے کھول دی ہے، پی ڈی ایم اے کی مشینری سے رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔