عوامی نیشنل پارٹی ڈاکٹرز کمیونٹی کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی رہے گی، ترجمان اے این پی خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ڈاکٹرز کمیونٹی کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی رہے گی۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور انتظامیہ کی جانب سے لیڈی ڈاکٹرز کی معطلی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں صوبائی ترجمان اے این پی ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ایل آر ایچ انتظامیہ کی صحت کارڈ کے انتظامی مسئلے پر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال کی بدانتظامی سے محکمہ صحت کی دس سالہ کارکردگی پوری طرح عیاں ہے، ڈاکٹرز کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی کو دھمکیاں دینا مسئلے کا حل نہیں، خامیاں دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں، انہی حرکتوں کی وجہ سے ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ کمیونٹی پہلے ہی سرکاری ہسپتالوں کو خدا حافظ کہہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان اے این پی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کم ازکم ہسپتالوں کو اپنی سیاست اور جھوٹی انا کی نذر نہ کریں، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ایل آر ایچ انتظامیہ کو مستقبل میں اس قسم کی ڈرامہ بازی سے باز رکھیں. انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ملگری ڈاکٹران کے ساتھ اس مسئلے پر مسلسل رابطے میں ہے، عوامی نیشنل پارٹی ڈاکٹرز کمیونٹی کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی رہے گی۔