موٹرسائیکل اسٹینڈ پر اوورچارجنگ کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائی،ٹھیکیدار گرفتار

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:41

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پارکنگ ٹھیکیدار کی جانب سے اوورچارجنگ کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے ۔ اوورچارجنگ کی شکایات درست ثابت ہونے پر ٹھیکیدار کو موقع پر پولیس کے حوالے کرکے کارروائی کے احکامات جاری کردیئے جبکہ اس ضمن میں ہسپتال انتظامیہ کو ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرنے اور اوورچارجنگ کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر نے نادرا آفس کے باہر غیر قانونی پارکنگ اور انکی جانب سے سائلین سے پارکنگ کے نام پر وصولی کی شکایت پر بھی کارروائی کی اور خود موقع پر پہنچ گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کے نادرا آفس پہنچنے پر پارکنگ پر مامور تمام افراد موقع سے فرار ہوگئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے فوری طور پر نادرا آفس کے غیر قانونی اسٹینڈ کو ختم کرنے کے احکامات جاری کردئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں سے ناجائز وصولیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی ، شہریوں کو تمام دفاتر میں عملی سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :