صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے صوبے میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 20 اپریل 2024 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے صوبے میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے صوبائی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن داد رسی کرے گی اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر مردان فیاض خان شیر پاؤ کے ہمراہ ویلج کونسل سوکئی کے دورے کے موقع پر کہی جہاں ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے ماں اور بچیاں جان بحق ہو گئی تھیں۔

صوبائی وزیر خوراک نے مرحومین کی نمازجنازہ میں شرکت کی اور ان کی شہادت پر اظہار افسوس اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور ہرقسم تعاون کی یقین دہانی کرائی.اس موقع پر ویلج کونسل سوکئی کے ناظم لعل بادشاہ، کسان کونسل ممبر تاج محمد، سابقہ ناظم بلال احمد اور ندیم عباس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور صوبے میں بارش اور سیلاب کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں پہلے ہی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جبکہ ضلعی سطح پر تمام ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر میں بھی ایمرجنسی کنٹرول روم قائم ہیں اور عوام کسی بھی حادثے کی صورت میں ہنگامی امداد کے حصول کے لیے دن رات ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جان بحق ہونے والے شہریوں کے ورثاء کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے دکھوں کا ہر ممکن مداوا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بارش سے ہونے والی نقصانات کا سروے کر رہی ہے اور متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر نقصانات کا معاوضہ ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :