معاشی حالت اور عوام کی امید دم توڑ رہی ہے، فائق شاہ

بھارتی وزیر اعظم پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور جواب دینے والا کوئی نہیں‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

ہفتہ 20 اپریل 2024 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے امید کی کوئی کرن نہیں نظر آئی، عوام کو ریلیف دینا ہو یا ملکی حالات دونوں مخدوش ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف کے سہارے کے علاوہ کسی معاشی ترقی پر توجہ نہیں دی جا رہی، دوسری طرف خارجہ محاذ پر مودی مسلسل پاکستان کو دھمکیاں، طنز اور مذاق اڑا رہا ہے کوئی جواب دینے والا نہیں یہ حکومت اور وزارت خارجہ کا کام ہے جو اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر ریا، انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور معاشی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، جب تک کوئی مشترکہ حکمت عملی اور منصوبہ بندی نہیں کی جائے گی حالات بہتر نہیں ہوں گے، محمد فائق شاہ نے عوامی سوالات کے براہ راست جوابات دیتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں، وہ حکومت اور انتظامیہ سے حساب مانگتے ہیں، سیاستدانوں سے سوال کرتے ہیں کوئی انصاف اور داد رسی کیلئے موجود نہیں امن ترقی پارٹی واحد اپوزیشن ہے جو لائحہ عمل اور محاسبہ دونوں کر رہی ہے مگر بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، اس کا انجام بھیانک ہو گا، محمد فائق شاہ نے حالیہ بارشوں سے ہونیوالے نقصانات پر این ڈی ایم اے اور حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ غریب افراد کی معاونت کی جائے، امن ترقی پارٹی متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور دعا گو ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے، امن ترقی پارٹی عوام کیساتھ کھڑی ہے اور نوجوانوں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ اس میں شامل ہو کر عوامی کردار ادا کریں۔