لاہور باغبانپورہ میںپولیس جوانوں کی ڈکیتوں سے مڈبھیر،ایک کانسٹیبل شہید، 2 ڈاکو ہلاک

ہفتہ 20 اپریل 2024 19:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) لاہور تھانہ باغبانپورہ کے علاقے مومن پورہ میں گشت پر مامور پولیس جوانوں کی ڈکیتوں کے ساتھ مڈبھیر میں کانسٹیبل عمران حید ر شہید جبکہ ہیڈ کانسٹیبل دلدار شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ باغبانپورہ میں تعینات پولیس جوان روزمرہ کی گشت کر رہے تھے کہ جب ان کا سامنا جی ٹی روڈ پر واقع PSO پمپ مومن پورہ کے قریب بغیر نمبر پلیٹ2 کس سوار سے ہوا جن کو مشکوک جانتے ہوئے روکنے کا اشارہ کیا گیا۔

پولیس کو دیکھتے ہی موٹر سائیکل سواروں نے پولیس جوانوں پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل عمران حیدر موقع پر شہیدجبکہ ہیڈ کانسٹیبل دلدار شدید زخمی ہو گئے۔پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی ، ایس پی کینٹ اویس شفیق فوری موقع پر پہنچ گئے۔

زخمی اہلکار کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے میو ہسپتال کا دورہ بھی کیا ۔ انہوںنے زخمی اہلکار کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے اس کے علاج معالجہ بارے دریافت کیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی اہلکارکو بہترین طبی سہولیات کی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ فرض کی راہ میں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی تادیبی کاروائیاں جاری رہیں گی۔