عدالت نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست منظور کرلی،فریقین کو نوٹس جاری،مزید سماعت18 مئی تک ملتوی

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:51

عدالت نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست منظور کرلی،فریقین کو نوٹس جاری،مزید ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) مجسٹریٹ مری محمد ذیشان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے دائر بریت کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور درخواست کی سماعت 18مئی تک ملتوی کر دی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر شیخ رشید اپنے وکیل سردار شہباز ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے شیخ رشید نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 249-Aکے تحت بریت کے لئے دائر درخواست میں پولیس کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ یکم فروری کورات کے اندھیرے میں کسی وارنٹ یا مقامی پولیس کی معاونت کے بغیرایس ایچ اواشفاق احمدوڑائچ اور انسپکٹرعاشق علی کی سربراہی میں یونیفارم اور سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاردروازے توڑ کردرخواست گزار کے گھر واقع بحریہ گالف سٹی میں زبردستی گھر میں داخل ہوئے ملازمین پر تشدد کرتے ہوئے گھر سے نقدی، موبائل فون،بیش قیمت گھڑیاں اور اسلحے کی2لائسنس سمیت دیگر اشیا بھی ساتھ لے گئے اس طرح تھانہ آبپارہ میں یکم فروری کوتعزیرات پاکستان کی دفعات 120-B، 153A اور505کے تحت درج مقدمہ نمبر 94میں درخواست گزار کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیاجس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ سے درخواست گزار کا2روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا اس پر بھی تسلی نہ ہونے پر تھانہ آبپارہ کے انسپکٹر انوسٹی گیشن عاشق علی منور کی مدعیت میں درخواست گزار کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 506(ii)،353اور186کے تحت 2فروری کو مقدمہ نمبر47تھانہ مری میں درج کروا دیا گیادرخواست میں کہا گیاتھا کہ درخواست گزار کے خلاف مختلف تھانوں کی پولیس اور دیگر اداروں کو استعمال کیا گیا اس طرح دیگر مقدمات کی طرح درخواست گزار کے خلاف تھانہ مری میں درج مقدمہ مکمل طور پر بے بنیاد،غیرقانونی اور اختیارات سے تجاوز ہے جس سے درخواست گزار کے بنیادی آئینی حقوق سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے حالانکہ مقدمہ میں عائد الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تھانہ مری میں درج مقدمہ کو غیر قانونی اور خلاف ضابطہ قرار دیا جائے اور درخواست گزار کو مقدمہ سے بری کیا جائے یاد رہے کہ تھانہ آبپارہ کے انسپکٹر انوسٹی گیشن عاشق علی منور کی مدعیت میں تھانہ مری پولیس نی2فروری کو شیخ رشید کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 506(ii)،353اور186کے تحت مقدمہ نمبر47درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ شیخ رشید نے اپنے مسلح ملازمین کے ہمراہ پولیس سے مزاحمت کی یونیفارم پھاڑ دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی اس موقع پر پولیس نے جدید اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا تھا۔