غزہ کیلئے امدادی اشیا کی تیسری کھیپ (کل) فلسطین روانہ ہوگی

دنیا میں جہاں بھی انسانیت دکھ کا شکار ہو سیلانی ٹرسٹ بڑھ چڑھ کر مدد کرتی ہے، مولانا بشیر فاروق

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے غزہ کے متاثرین جنگ کے لیے خشک خوراک اور دیگر اشیا کی کراچی سے تیسری کھیپ اتوار 21 اپریل کو مصر کے راستے فلسطین روانہ کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق سیلانی کے تحت روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 کے اشتراک سے 40 میٹر والے 4 کنٹینر خشک خوراک ،انگلش بسکٹس اور خواتین کے لیے تیار خوراک کے خصوصی پیکٹس 21 اپریل کو کراچی کی بندرگاہ سے مصر کے لیے روانہ کردیے جائیں گے۔

اس سے قبل کراچی اور ترکیہ کے شہرا ستنبول سے 4 کھیپ روانہ کی جاچکی ہیں۔استنبول سے تیسری کھیپ پیکنگ کے مراحل میں ہے جو آئندہ چند روز میں فلسطین روانہ کردی جائے گی۔ اب تک سیلانی کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں کے لیے ترکیہ اور پاکستان سے روانہ کیے جانے والے سامان کی مالیت 20 کروڑ روپے ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سے بھیجی جانے والی کھیپ کے تمام تر انتظامات این ڈی ایم اے نے کیے ہیں۔

اس سے قبل 6 کروڑ روپے مالیت والی امدادی اشیا کی چوتھی کھیپ جن میں تیار خوراک کے علاوہ کمبل،ٹینٹ،خیمے،گرم کپڑے وغیرہ شامل تھے ،25 اپریل کو غزہ پہنچ جائے گی۔سیلانی ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروقی نے امدادی اشیا پر مبنی کنٹینرز کے معائنے کے موقع پر عطیات دینے والے افراد اور اداروں کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ فلسطین کے حالات سے دنیا واقف ہے کہ وہاں کس قدر ظلم ہورہا ہے۔

تیار یا خشک خوراک وہاں کا فوری حل طلب مسئلہ ہے۔اللہ کرے کہ جلد جنگ بندی ہو تو پھر متاثرین کی بحالی اور شہر کی تعمیر نو کے کاموں کو شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں پر بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا موقع ملتا ہے سیلانی ٹرسٹ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔انہوں نے عالمی برادری اور خصوصا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غلامی سے باہر نکل کر سوچیں ،فوری طور پر فلسطین میں جنگ بندی کرائیں اور سسکتی انسانیت ،بلکتے بچوں اور ہر عمر کے زخمی افراد کی حالت پر رحم کریں۔