کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے گندم کٹائی کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے منہالہ گائو ں میں ہارویسٹر مشین اور درانتی سے گندم کی کٹائی کرکے لاہور میں گندم کٹائی کا افتتاح کر دیا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر منہالہ گائو ں کے معززین، کسان راہنما اور ضلعی افسران بھی کمشنر لاہور کے ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی منہالہ گائو ں آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں پنجاب کی روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔

کمشنر لاہور نے کسانوں کے ہمراہ زمین کی زرخیزی و گندم کی بہترین پیداوار پر دعا بھی کی اور کہا کہ ہم اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے پنجاب کی زمینوں کو زرخیز بنایا اورگندم کی فصل عطا کی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کسانوں کی فلاح اور زراعت کی ترقی کیلئے احسن اقدامات اٹھارہی ہیں اور حکومت پنجاب کی اسی کسان دوست پالیسیز کی بنا پر زراعت کے شعبے میں مزید ترقی ہوگی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں امسال 14لاکھ 80ہزار ایکڑ پر گندم کاشت ہوئی ہے جوکہ پچھلے سال سے زیادہ رقبہ ہے اور توقع یہی ہے کہ 39.50 من فی ایکڑ کے حساب سے ہمیں21لاکھ 8ہزار 520ٹن گندم کی پیداوار حاصل ہوگی۔ کمشنر لاہور نے آگاہ کیا کہ گزشتہ سال گاو ں کی سطح پر 3080کسان تربیتی ورکشاپس میں 68ہزار کسانوں کو فراہم کی جانے والی تربیت، اچھے بیج، زمین کی زرخیزی اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر گندم کی پیداوار مزید بڑھے گی کیونکہ پاکستان کا کسان بھی دب کے واہ تے رج کے کھا کی بنیاد پر سخت محنت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

گندم کٹائی کی اس تقریب میں کسان راہنما شاہد جمیل، ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شیر محمد شیراوت، اے ڈی سی فنانس عمر مقبول، ڈپٹی ڈائریکٹر عارف صدیق و دیگر معززین علاقہ بھی شریک ہوئے۔