کمشنر لاہور کا ضمنی الیکشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے یو ای ٹی میں قائم آر او آفس کا دورہ

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ضمنی الیکشن میں عملی اقدامات و انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے یو ای ٹی میں قائم تین حلقوں کے آر او آفسز کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق کمشنر لاہور نے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کے سامان کی ترسیل، ٹرنسپورٹ کی فراہمی اور مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے سامان ترسیل کے کاونٹرز کا دورہ کیا جہاں انھیں بتایا گیا کہ 70فیصد سامان کی ترسیل ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور نے کہاکہ یوای ٹی میں قائم آر او آفسز سے پریزائیڈنگ افسران کو کاونٹرز سے تمام سامان و ٹرانسپورٹ کی بلا رکاوٹ فراہمی جاری ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام محکمے پریزائڈنگ افسران کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اوربھرپور تعاون کررہے ہیں۔ انھوں نے ہدایات دیں کہ تمام افرادٹیم سپرٹ کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں بصورت دیگر ڈی آر او اور آراوز کسی بھی جگہ سے غیر حاضر عملے پر سخت ترین کاروائی عمل میں لائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے کمشنر لاہور کو ضمنی انتخابات کیلئے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ کمشنر لاہور کو آر اواین اے 118، آر او پی پی 147 اور آر او پی پی 149 کی جانب سے پولنگ اسکیم پر بریفنگ بھی دی گئی۔