باجوڑ ،بارشوں سے 6 افراد جاں بحق، کئی زخمی

رجنوں کچے مکان تباہ، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ ، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث راستے بند ہوگئے

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:05

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) باجوڑ میں بارشوں سے 6 افراد جاں بحق، کئی زخمی ہوگئے، درجنوں کچے مکان تباہ، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث راستے بند ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع باجوڑ میں حالیہ اور مسلسل تین روز کے بارشوں نے تباہی مچا دی، بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر مکانات کے کچے چھت گرنے سے 6 افراد جان بحق، ملنگی ماموند میں ایک گھر میں میاں بیوی، خار میں کمرہ گرنے سے ایک خاتون، لوئے سم میں ایک شخص ملبے تلے دبنے سے جان بحق اسی طرح ملاسید میں بھی ایک شخص جان بحق ہوگیا۔

ایک اور واقعہ میں ریسکیو 1122 کے مطابق ضلع باجوڑ کے تحصیل اتمان خیل علاقہ ارنگ لر ڈاگ کالوٹ میں بارش کیوجہ سے کچے مکان کی چھت گرگئی۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں عقیل وزیر نامی شخص کا ایک بیٹا جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق بچے کی شناخت وقاص ولد عقل وزیر بعمر 8 سال کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں 4 سالہ عباس، 6 سالہ الہام اور 9 سالہ کاشف شامل ہیں۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں علاج معالجے کے بعد گھر منتقل کردیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ درجنوں کچے مکان تباہ، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث راستے بند رہے۔ عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے تعاون کا مطالبہ کردیاہے۔