تاجر برادری ملکی معیشت کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، احسن ظفر بختاوری

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ان کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چیمبر ہاؤس میں دارالحکومت کی مختلف مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس مقصد کے لئے وہ بلا امتیاز انتھک محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ذمہ داری کے مطابق وہ ذاتی حیثیت میں اسلام آباد کے ہر سیکٹر کو واٹر فلٹریشن پلانٹس فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ معیشت کی بحالی کے لئے تاجر برادری کی رائے حاصل کرنے کے لئے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس سے مشاورت شروع کریں اور اس مقصد کے لئے تاجر برادری معیشت کی بحالی کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں ملک میں تعلیم کے معیار کی طرف توجہ مبذول کرائی اور تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اس میں اپنا کردار ادا کریں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی کے لئے اپنی صفوں میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے حکومت پر زور دیا کہ اگر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو تاجر برادری کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔ آئی ای اے اے کے جنرل سیکرٹری چوہدری زاہد رفیق نے کہا کہ تاجر برادری کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کا سہرا ظفر بختاوری اور احسن ظفر بختاوری کو جاتا ہے۔

آئی ایٹ مرکز کے صدر راجہ فیاض گل نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری کی قیادت میں چیمبر کی کارکردگی کو سراہا۔ میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال ستی نے احسن ظفر بختاوری کی صدارت میں اسلام آباد چیمبر کی کامیابیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ جی 13 مرکز کے صدر عابد خان نے چیمبر کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے ایک جدید ڈسپلے سینٹر کا مطالبہ کیا۔

ای 11 مرکز کے صدر افتخار عباسی نے چیمبر کی قیادت کرنے پر صدر احسن ظفر بختاوری کی تعریف کی۔مرکز ڈی 13 کے صدر محمد نعمان نے صدر احسن ظفر کو تاجر برادری کا فخر قرار دیا۔ چیئرمین جے سیون گروپ مقبول حسین نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری نے تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لئے کارکردگی کا ایک انوکھا ریکارڈ قائم کیا ہے جسے شکست دینا مشکل ہو گا۔ چوہدری بابر نے احسن ظفر بختاوری کو بزنس کمیونٹی کا برانڈ ایمبیسیڈر قرار دیتے ہوئے اپنے اور اپنے ساتھیوں کے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔ تقریب سے خالد چوہدری، ناصر چوہدری، عرفان چوہدری، عثمان خان، ملک محسن، نثار مرزا، امتیاز عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔