متاثرہ کسانوں کے نقصان کے ازالہ کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی،کمشنرسرگودھا ڈویژن

بارشوں اورژالہ باری سے تحصیل میانوالی کے سات موضع جات موسی خیل، درمیانی، شمالی اور جنوبی کے علاوہ اباخیل، گھنڈی ، بازار، بوری خیل اور میزانکل کے تقریباً 21 سو کسانوں کی 26 ہزار 456 ایکٹر رقبہ پر لگی گندم، کینولہ اور چنا کی فصل مکمل تباہ ہوئی

اتوار 21 اپریل 2024 12:50

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) سرگودہا ڈویژن میں حالیہ بارشوں اور ڑالہ باری سے میانوالی تحصیل کے کچھ زرعی رقبہ پر کھڑی گندم، کینولہ اور چنا کی فصلوں کے تباہ ہونے کا کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے علاقہ کو آفت زدہ قرار دینے کے لیے ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کو ریفرنس تیار کرکے حکومت کو بھجوانے کا حکم دے دیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے علاقہ میانوالی کے کسان اتحاد کے وفد نے کمشنر محمد اجمل بھٹی سے ملاقات کر کے حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے میانوالی تحصیل کی کھڑی گندم،کنیولہ اور چنا کی فصلوں کے مکمل طور طور تباہ ہونے اور نقصان سے آگاہ کیا تو کمشنر نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کے نقصان کے ازالہ کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

حکومت سے سفارش کریں گے کہ متاثرہ کسانوں کو آئندہ فصل کی بوائی کے لیے مفت بیچ و کھاد فراہم کرنے کے ساتھ بجلی کے بلز معاف کیے جائیں اور گندم کی فصل کے نقصان کے ازالہ کے لیے نقد ادائیگیاں کی جائیں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے میانوالی کے پہاڑوں پر بارشوں کے باعث آنے والے پانی سے فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے چھوٹا ڈیم بنانے کے لیے حکومت کو سفارشات تیار کرکے بھجوانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ایڈیشنل کمشنر کو محکمہ انہار افسران کے ہمراہ فوری علاقے کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ بارشوں اورژالہ باری سے تحصیل میانوالی کے سات موضع جات موسی خیل، درمیانی، شمالی اور جنوبی کے علاوہ اباخیل، گھنڈی ، بازار، بوری خیل اور میزانکل کے تقریباً 21 سو کسانوں کی 26 ہزار 456 ایکٹر رقبہ پر لگی گندم، کینولہ اور چنا کی فصل مکمل تباہ ہوئی۔جس کے لئے علاقہ کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کے ازالہ کی رپورٹ حکومت پنجاب کو بجھوانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔