اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل لانے پر قومی ٹیم کو 50لاکھ روپے انعام دونگا،اسد حنیف

اعلان کا مقصد کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی ہے،قومی کھیل کی بقا کے لئے پی ایچ ایف کے ساتھ ہیں حویلی ریسٹورنٹ کے چیف ایگزیکٹو اسد حنیف کا تربیتی کیمپ کا دورہ، کوچز اور کھلاڑیوں سے ملاقات، کھلاڑیوں کو کھیل پر فوکس رکھنے کی تلقین

اتوار 21 اپریل 2024 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) قومی کھیل کی بہتری اور کھلاڑیوں کی بھر پور سپورٹ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،قومی ٹیم نے اذلان شاہ ہاکی کپ ٹورنامنٹ جیتا تو 50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ہاکی کے شیدائی قومی ٹیم کو سپورٹ کریں،ان خیالات کا اظہار حویلی ریسٹورنٹ کے چیف ایگزیکٹو اسد حنیف نے گزشتہ روز عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم پر جاری قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کیا۔

انہوں نے نا صرف قومی ٹیم کا پریکٹس میچ دیکھا بلکہ کیمپ آفیشلز اور کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں اپنے کھیل پر فوکس رکھنے اور اذلان شاہ ہاکی ٹورنامٹ میں سبز ہلالی پرچم سربلند کرنے کی تلقین بھی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپئن ایاز محمود، کوچز اولمپئن ریحان بٹ، اولمپئن محمد ثقلین، اولمپئن وسیم فیروز، سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کلیم اللہ اراکین کمیٹی اولمپیئنز ناصر علی، رحیم خان، انٹرنیشنل لئیق لاشاری سمیت دیگر عہدیدار گلفراز خان،خالد جونیئر، کرنل (ر) اعظم، اعجاز الدین،ایم سلمان، خالد کھوکھرانٹر نیشنل، انور فاروقی،محسن علی خان،ایم زبیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

اسد حنیف کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا،ہاکی کا کھیل دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان تھا اور اب یہ تباہ حال ہے،کھلاڑیوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے لیکن ان کے حوصلے بلند تر ہیں جو خوش آئند بات ہے،ہمیں ماضی کو بھول کر ہاکی کا مستقبل بچانے کے لئے پر خلوص کوششوں کی ضرورت ہے،سید حیدر حسین کی قیادت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاکی کے کھیل اور کھلاڑیوں کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے،ان کی تما م تر کوششوں میں ہم پی ایچ ایف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،انہوں نے تالیوں کی گونج میں قومی ہاکی ٹیم کی وکٹری اسٹینڈ پر رسائی پر بیش قدر انعامی رقم کا اعلان بھی کیا،ان کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم نے ایونٹ جیتا تو انہیں 50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی،سلور میڈل کی صورت میں 20لاکھ اور برانز میڈل لینے پر 10لاکھ کی انعامی رقم پیش کی جائے گی۔

یہ اعلان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کیا گیا ہے اور ہم چاہیں گے باقی ادارے اور نجی سیکٹر بھی قومی کھیل کی بقا کے لئے آگے آئے اور اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔