ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ

اتوار 21 اپریل 2024 19:50

ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ  کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کے حکام نے مالکان کو ٹوکن ٹیکس کی بلاتاخیر ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگلے مرحلے میں ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ ڈائریکٹر ایکسائز راولپنڈی عمران اسلم نے کہا ہے کہ ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور جن نادہندگان نے بار بار نوٹسز کے اجرا اور یاد دہانیوں کے باوجود ابھی تک اپنے ذمہ واجب الادا سرکاری واجبات ادا نہیں کئے ان کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر عمران اسلم نے بتایا کہ نادہندگان کو کئی بار مطلع کیا گیا کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا رقوم جمع کروا دیں لیکن انہوں نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کے دوران نہ صرف اصل رقم کے ساتھ بھاری سر چارج و جرمانہ وصول کیاجائے گا بلکہ گاڑیاں بند کی جائیں گی اور کاغذات ضبط کیے جائیں گے، نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر کے انہیں گرفتار کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول راولپنڈی سہیل شہزاد نے بتایا کہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں بغیر نمبر گاڑیوں و ٹوکن ٹیکس نادہندہ مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن سمیت ڈیفالٹر گاڑیوں پر سٹکرز چسپاں کرنے کی مہم جاری تھی اور اب باقاعدہ سخت آپریشن شروع کیا جا چکا ہے ۔

اس ضمن میں راولپنڈی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈائون جاری ہے۔ موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی سہیل شہزاد نے کہا کہ ٹوکن ٹیکس ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور نادہندگان سے وصولی جاری ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے مرحلے میں ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی کی حامل گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی ، اس لیے مالکان ٹوکن ٹیکس کی بلاتاخیر ادائیگی یقینی بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :