پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشو ں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی

اتوار 21 اپریل 2024 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشو ں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں حادثات میں 63 افراد جاں بحق اور 78 زخمی ہو ئے جبکہ 3202 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں سے مختلف اضلاع میں 63 افرادجاں بحق اور 78 زخمی ہوئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 33 بچے ، 15 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 17 خواتین ، 37 مرد اور 24 بچے شامل ہیں۔ بارشوں سے مختلف اضلاع میں مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے سے 3202 مکانات کو نقصان پہنچا۔ جن میں 477 گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 2725 کو جزوی نقصان پہنچا۔ پشاور ، چارسدہ ، نوشہرہ ، دیر ، چترال ، سوات باجوڑ ، شانگلہ ، مانسہرہ ، مہمند ، باجوڑ ، مالاکنڈ ، کرک ، ٹانک ، مردان ، بونیر،ہنگو ، بٹگرام ، بنوں ، شمالی و جنوبی وزیر ستان ، کوہاٹ ، ڈی آئی خان ، اورکزئی میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان رپورٹ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بارشوں سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد و سرگرمیوں کے لئے 110 ملین روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق قبائلی اضلاع میں بھی امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔۔ متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو امداد ی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔۔ اس کے علاوہ قبائلی اضلاع میں بھی امدادی سرگرمیوں کی مد میں 90 ملین روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔۔ امدادی سامان میں خیمے، چٹائیاں،کچن سیٹس،کمبل، بستر،ترپال، سولر لیمپس اور دیگر روزمرہ زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔