سعودی رائل فضائیہ کی یونان میں کثیر الملکی مشقوں میں شرکت

پیر 22 اپریل 2024 10:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) سعودی عرب کی رائل ایئرفورس نے یونان کے ایئر وارفیئر سینٹر میں ہونے والی کثیر الملکی فضائی مشق اینوکس 2024 میں شرکت کی ہے۔عرب نیوز کے مطابق مشق میں سعودی دستے کے کمانڈنگ پائلٹ لیفٹننٹ کرنل عبدالعزیز نے کہا کہ مہینوں کی تیاری کے نتیجے میں ہر سطح پر منصوبہ بند اہداف حاصل ہوئے ہیں۔انہوں نے سعودی فضائی، تکنیکی اور معاون عملے کی کوششں کو سراہا جنہوں نے پیشہ وارنہ مہارت اور اعلیٰ تیاری کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ادھر، سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ رائل ایئرفروس نے تکنیکی اور معاون عملے کے ساتھ چھ ٹائیفون طیارے مشق میں شرکت کے لیےبھیجے تھے،اس کا مقصد تیاری کو بڑھانا، مہارت کا تبادلہ کرنا، حقیقی جنگی ماحول کی تقلید کرنا اور کثیر القومی افواج کے ساتھ پیچیدہ فضائی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔مشق میں حصہ لینے والے ملکوں میں قبرص، فرانس، مونٹی نیگرو، قطر، رومانیہ، سپین، برطانیہ اور امریکاشامل تھے۔ واضح رہے اینوکس یورپ کی سب سے بڑی فوجی مشقوں میں سے ایک ہے۔