پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرامیچ منگل کو کھیلا جائے گا

پیر 22 اپریل 2024 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان ویمن اور ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل (بروز منگل )نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔مہمان ویسٹ انڈین ویمن ٹیم کو میزبان پاکستان کی ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ویمن ٹیم کو 113 رنز اور دوسرے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے جہاں وہ میزبان پاکستانی ویمنز ٹیم کے خلاف تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ تین ون ڈےمیچوں کی سیریز کے دو میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت ہیلی میتھیوز کریں گی جبکہ پاکستان ٹیم کو نداڈار لیڈ کریں گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 23 اپریل کو کھیلا جائے گا،تینوں میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہیں اور ڈے اینڈنائٹ ہوگے، یہ میچز پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق تین بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 26 اپریل سے ہوگا، دوسرا میچ28 اپریل،تیسرا 30 اپریل،چوتھا 2 مئی جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے میچز کی طرح پانچوں ٹی ٹونٹی میچ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی میچز شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔\932