سنگیتا کی چھوٹی بہن اداکارہ حنا رضوی نے شادی کر لی

تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے شرکت کی اور اس تقریب کو چار چاند لگائے

پیر 22 اپریل 2024 10:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ اور ہدایت کارہ سنگیتا کی چھوٹی بہن اداکارہ حنا رضوی نے سوشل میڈیا پر مقبول انفلوئنسر عمار احمد خان سے شادی کر لی۔جوڑے کی شادی کی تقریب سے مختلف ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں نوبیاہتا جوڑا اپنی زندگی کے اس خاص موقع پر خوش و خرم انداز میں دکھائی دیا۔

(جاری ہے)

اداکارہ حنا رضوی نے اس پرمسرت موقع پر گولڈن رنگ کی میکسی ہلکے گلابی دوپٹے کے امتزاج کے ساتھ زیب تن کی، اپنی شادی کے موقع پر دلہا نے اپنی دلہنیا سے میچنگ کرتے ہوئے کریم ویسٹ کوٹ اور سفید شلوار قمیض زیب تن کیا۔اداکارہ حنا رضوی اور عمار احمد خان کی شادی کی اس تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے شرکت کی اور اس تقریب کو چار چاند لگائے۔

شادی کی تقریب میں شریک ہونے والے فنکاروں میں ان کی بہن سنگیتا کے علاوہ معروف اداکار مصطفیٰ قریشی، اداکارہ غزالہ جاوید، اداکار عدنان جیلانی، اداکارہ دانیہ ایمان، اداکارہ کنول نذر خان اور اداکارہ و ماڈل شیزا ہاشمی سمیت دیگر شامل تھے۔اس سے قبل اداکارہ کی مایوں کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی تھیں۔