فیصل آباد میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 29 اپریل سے شروع ہوگی، 16لاکھ بچوں کیلئے 4919 ٹیمیں تشکیل

پیر 22 اپریل 2024 12:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) فیصل آباد میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 29 اپریل سے شروع ہوگی جبکہ 5 مئی تک 5 سال تک کی عمر کے 16 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے4919 ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جن میں گھر گھر جاکر قطرے پلانے والی موبائل ٹیموں سمیت فکسڈ اور ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں بھی شامل ہیں جو ایئر پورٹ، ریلوے سٹیشن، بس و ویگن سٹینڈز، شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم کاروباری مراکز پر فرائض سر انجام دیں گی نیز ان کی نگرانی ایریا انچارجز، زونل سپروائزرز، بی ایچ یوز و رورل ہیلتھ سنٹرز کے انچارج ڈاکٹرز، ڈپٹی و ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کریں گے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کااجلاس ڈپٹی کمشنرفیصل آباد عبداللہ نیئرشیخ کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں 29 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران 5سال تک کی عمر کے 16 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے مجموعی طور پر 4919 ٹیمیں سرگرم عمل ہوں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مہم کے ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ گزشتہ خامیوں کو قبل ازوقت دور کرلیا جائے۔انہوں نے جامع مائیکروپلان مرتب کرکے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ پولیو ورکرز کی تربیت سمیت والدین کی آگاہی کیلئے مؤثر ترین اقدامات ہونے چاہئیں۔انہوں نے پولیس سکیورٹی پلان کیلئے ضروری امور طے کرنے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں گزشتہ مہم کے اہداف کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔