پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریذیڈنٹ ون ڈے کپ 24-2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا

پیر 22 اپریل 2024 16:43

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریذیڈنٹ ون ڈے کپ 24-2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پریذیڈنٹ ون ڈے کپ 24-2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ کا آغاز 24 اپریل سے ہو گا جبکہ فائنل 12 مئی کو کھیلا جائے گا ۔ ٹورنامنٹ میں 7ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں ایس این جی پی ایل ، پی ٹی وی ، کے آر ایل ، ایس بی پی ، غنی گلاس ، ایچ ای سی اور واپڈا شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم کو 6 میچ کھیلنے کو ملیں گے ۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز 3 میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلے میچ میں ایس این جی پی ایل اور غنی گلاس کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی ، دوسرا میچ پی ٹی وی اور ایس بی پی کے مابین ایبٹ آباد سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے میچ میں کے آر ایل اور واپڈا کی ٹیمیں کے آر ایل سٹیڈیم ، راولپنڈی میں آمنے سامنے ہوں گی ۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 9 مئی ، دوسرا سیمی فائنل 10 مئی جبکہ فائنل 12 مئی کو کھیلا جائے گا ۔