پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹی ٹونٹی میچ 25 اپریل کو کھیلا جائے گا

پیر 22 اپریل 2024 17:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ 25 اپریل کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ۔

(جاری ہے)

سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد ، اعظم خان ، فخر زمان ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، محمد عامر ، محمد عرفان خان ، نسیم شاہ ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، اسامہ میر ، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں ۔

نیوزی لینڈ ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل ، ٹم سیفرٹ ، فن ایلن ، مارک چیپمین ، جوش کلارکسن ، ڈین فوکس کرافٹ ، کول میک کونچی ، جیمز نیشم ، جیکب ڈفی ، بین لسٹر ، ولیم او روک ، بین سیئرز ، ایش سودھی ، ایڈم ملن ، زیکری فوکس اور ٹم روبنسن شامل ہیں ۔ پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پلڑا بھاری ہے ۔

اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 41 میچ کھیل چکی ہیں، 22 میں پاکستان فاتح رہا جبکہ 18 میچ نیوزی لینڈ نے جیتے، 2 میچ بے نتیجہ رہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 25 اپریل جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 اپریل کو کھیلا جائے گا ، سیریز کے پہلے تین میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ آخری دو میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔\932