وزیرخزانہ کی دبئی میں غیرملکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ، پاکستان میں سرمایہ کاری پرگفتگو

پیر 22 اپریل 2024 18:21

وزیرخزانہ کی دبئی میں غیرملکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ، پاکستان میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے پیر کو دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں جن میں آیانا ہولڈنگ کے چیئرمین عبداللہ بن لہیج اور محمد ہلال بن تراف المنصوری، چیئرمین ناد الشیبہ ہولڈنگ شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ اقتصادی شراکت داری کی حمایت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو بڑھانے کے طریقے تلاش کئے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور ریئل اسٹیٹ کی ترقی کے شعبوں کو شامل کرنے کے لئے مزید تنوع کی تلاش کی۔

انہوں نے ان مسابقتی فوائد پر روشنی ڈالی جو پاکستان کو اعلیٰ منافع اور پائیدار ترقی کے خواہاں سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثالی منزل بناتے ہیں۔وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو ان کے سفر کے ہر مرحلے میں معاونت کرنے بشمول مارکیٹ ریسرچ، ریگولیٹری رہنمائی، سرمایہ کاری کی سہولت، سرمایہ کاری کے بعد کی مدد اور ایک ہموار تجربے کو یقینی بنانے میں ایس آئی ایف سی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔