پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مختلف کارروائیاں، 302کلو غیر معیاری ناقص گوشت تلف کر دیا گیا

پیر 22 اپریل 2024 20:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 302کلو غیر معیاری ناقص گوشت اور 1من سے زائد ایکسپائر کولڈ ڈرنکس اور ممنوعہ اجزا تلف کر دیئے ۔تفصیلات کے مطابق چٹ پٹے کھانوں میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف آپریشن، ڈی جی فوڈ اتھارٹی فیلڈ میں سرگرم ،فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے 86معروف مارٹس ،سپر سٹورز، فاسٹ فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 37کو 12لاکھ 34ہزار کے جرمانے عائد،302کلو غیر معیاری ناقص گوشت اور 1من سے زائد ایکسپائر کولڈ ڈرنکس اور ممنوعہ اجزا تلف کر دیئے گئے ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ کھلے غیر معیاری آئل، ایکسپائر بدبودار کولڈرنکس اور گوشت برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، ناقص غیر معیاری گوشت اور ناقص آئل سے فاسٹ فوڈ تیار کیا جا رہا تھا، ہوٹل میں گندے فنگس زدہ فریزر میں اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔

(جاری ہے)

خوراک کو تیاری کے بعد گندے زنگ آلود برتنوں میں بغیر ڈھانپے رکھا پایا گیا۔

قوانین کی خلاف ورزی پر 37 کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 35فوڈ پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ ٹولنٹن مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار 25ہزار 700 کلو گوشت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک کا کاروبار کرنے والے افراد مقرر کردہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں، وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر خوراک کی تیاری میں ملاوٹ کونے والوں کا کاروبار بند کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔خوراک سے وابستہ کاروبار میں غفلت کرنے والوں کیخلاف تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔