ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر لاہور رحمت اللہ سیال نارکوٹکس انویسٹی گیشن یونٹ کے فوکل پرسن نامزد

پیر 22 اپریل 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرھاد علی شاہ نے صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف قانونی شکنجہ مزید سخت کرنے کیلئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر لاہور رحمت اللہ سیال کو نارکوٹکس انوسٹی گیشن یونٹ کا فوکل پرسن نامزد کردیا۔ترجمان کے مطابق فوکل پرسن نامزد کرنے کا مقصد صوبہ بھر میں منشیات فروشی کے گھنائونے اور مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات کی بہترین پراسیکیوشن کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوانا ہے،فوکل پرسن کا منشیات کے کیسز کے اندراج مقدمہ کے بعد بروقت انویسٹی گیشن آفیسر کو لائن آف انکوائری دیں گے تا کہ کیس کی بابت بہترین تفتیش ہوسکے۔

مزید براں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے باٹا پور پولیس اسٹیشن میں منشیات کیس میں ملوث عادی اور ریکارڈ یافتہ ملزم نوید کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو مراسلہ جاری کیا ہے،مراسلہ میں ہدایت جاری کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ محکمہ پولیس تمام تفتیشی افسران کو منشیات کے کیسز میں ملزمان کے سابقہ پولیس ریکارڈ سی آر اوز کو فائل کا حصہ یقینی بنائیں،مراسلہ میں ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم کی ضمانت خارج کروانے کیلئے متعلقہ پراسیکیوٹر کو درخواست دائر کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرھاد علی شاہ نے کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر معاشرے کے ناسور ہیں،یہ کسی معافی کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پراسکیوشن منشیات کے کیسز میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام آئینی و قانونی طریقے کار بروئے کار لارہا ہے تا کہ ایسے عناصر کو نشان عبرت بنایا جا سکے۔