خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کاموسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف شجرکاری مہم کا انعقاد

پیر 22 اپریل 2024 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) خوشحالی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ نے سندھ کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ لاڑکانہ، میہڑ، محراب پور، رتوڈیرو، شہداد اور واگنکمبر میں خوشحالی بنک کی برانچزنے مہم میں حصہ لیا۔ شرکاء نے سرسبز اور صحت مند ماحول اور بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف مقامات پر درخت لگائے۔

شجرکاری مہم میں مختلف مقامات پر پودے لگائے گئے جن میں نیم، سفیدہ اورکانوکارپس یوجینیا شامل تھے۔ پودوں کی یہ ا قسام ایسی خصوصیات رکھتی ہیں جو انہیں دوسرے پودوں کے مقابلے میں زیادہ دیر تک زندہ رہنے کے قابل بناتی ہیں اور آبائی علاقوں کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں۔ یہ پودے ہوا کے معیار کو بہتر بنانے، مٹی کا ارتکاز، کاربن کی گرفت، سخت موسمی حالات ، سایہ فراہم کرنے اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد آفتاب عالم ،چیف بزنس آفیسر خوشحالی مائیکرو فنانس بینک نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ’’میں شجرکاری مہم کے دوران اپنی ٹیم کی شرکت اور جوش و جذبے کو سراہتا ہوں۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہئے کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑا مسئلہ ہے اور ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے اس مسئلے کا حل نکالیں۔‘‘ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر نقصان اٹھایا ہے اورایک اندازے کے مطابق 2090 کی دہائی تک درجہ حرارت میں 1.3 ٖ C سے 4.9 ٖ C کے درمیان ممکنہ اضافہ ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں سیلاب، خشک سالی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں کا بھی خدشہ ہے اور اگر مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

ان مقامی پودوں کو لگانے سے خوشحالی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کا مقصد مقامی ماحول کی پرورش، ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف لڑنا، اور پاکستان کے لئے ایک بہتر مستقبل بنانا ہے۔