ڈپٹی میئر کراچی سے صوبائی وزیرتعلیم کی ملاقات،اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

پیر 22 اپریل 2024 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سید سردار شاہ نے محکمہ تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں جن کی بدولت سندھ حکومت نے بلاتفریق محکمہ تعلیم میں کراچی کے نوجوانوں کی میرٹ پر بھرتیاں کیں اور ضلع ملیر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے آئی بی اے ٹیسٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ اور سلیم بلوچ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ضلع ملیر سے محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ آئندہ ماہ ضلع ملیر کا دورہ کروں گا اور منتخب نمائندوں سے ملکر ضلع ملیر کے تمام تعلیمی اداروں میں بہتری لائی جائے گی۔