Live Updates

گوجرانوالہ ایکسپریس وے کے ساتھ 40ہزار پودے لگانے و انکی دیکھ بھال کیلئے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو 6کروڑ سے زائد کے فنڈز فراہم کر دیئے گئے

پیر 22 اپریل 2024 19:40

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت کے تحت گوجرانوالہ ایکسپریس وے کے ساتھ بڑے پیمانے پرشجرکاری کیلئے عملی اقدامات کاآغازہو گیا ہے اورپہلے مرحلہ میں حکومت پنجاب نے ایکسپریس وے کے ساتھ کم وبیش40 ہزارپودے لگانے اوران کی دوسا ل تک مسلسل دیکھ بھال کیلئے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کو6کروڑ18لاکھ کے فنڈزفراہم کردیئے ہیں۔

اس سلسلہ میں کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن سیدنویدحیدرشیرازی کی زیرصدارت اجلاس میں ایم پی اے عمران خالد بٹ، ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ طارق قریشی، کنزرویٹو آف فاریسٹ مظہرحسین، ڈویژنل فاریسٹ آفیسرقاضی عبدالرحیم اوردیگرمتعلقہ افسران نے شر کت کی۔ کمشنرنے واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن اورہدایات کے تحت کی جانے والی شجرکاری کی دیکھ بھال پوری ذمہ داری کے ساتھ کی جائے اور مقا می درختوں اورپودوں کوشجرکاری میں ترجیح دی جائے تاکہ ماحولیاتی حسن میں اضافہ کے ساتھ مقامی پرندوں کو بھی خوراک اور افزائش کیلئے ساز گا ر ماحول دستیاب ہوسکے۔

(جاری ہے)

علاوہ از یں ایک دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے ایمن آباد، پیپلز کالونی اور شہباز بریج ( عزیز کراس ) کی سٹریٹ لائٹس کو بحال کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ضلع کونسل ، لوکل گورنمنٹ اوردیگر متعلقہ محکموں کو اپنی سروسز کو بہتر بنانے اور مکمل فنکشنل رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں مختلف جاری تر قیاتی اسکیموں کے نظر ثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی،ان سکیموں میں چلڈرن پارک نوشہرہ ورکاں ، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کالیکے منڈی، ڈولہ تا کریال سڑک، حافظ آباد میں مختلف یونین کونسلوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرائے عالمگیر میں نالہ کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات