ادارہ تحفظ ماحولیات آزاد کشمیر کے زیر اہتمام ارتھ ڈے کے موقع پر تقریری اور پوسٹر نمائش کے مقابلوں کا انعقاد

پیر 22 اپریل 2024 20:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ادارہ تحفظ ماحولیات آزاد کشمیر نے ریاست بھر میں ماحولیاتی مسائل اور کلائمیٹ چینج کے اثرات کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغازکر دیا ہے ۔اس سلسلہ میں عوام میں شعور کی بیداری اور ماحولیاتی مسائل سے آگاہی کی غرض سے زمین کے عالمی دن کے موقع پر ادارہ تحفظ ماحولیات کے زیر انتظام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول امبور مظفرآباد میں تقریری اور پوسٹر نمائش کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری ماحولیا ت مظہر فاروق جنجوعہ تھے۔ تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول امبور تسنیم کوثر نے کی جبکہ اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز پروین اختر ، ڈپٹی ڈائریکٹر سکولز نازش اکبر ،ڈی ای او درِ شہوار نقوی ،ادارہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سردار ارشد اقبال، سحرش منصف خان، بشریٰ اکبر اور عروبہ وقارنے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں طلباء نے ماحول کو پیش آمدہ مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے زمینی ، پانی اورشور کی آلودگی اور پلاسٹک بیگز کی آلودگی سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے پروگرام پیش کئے ۔ تقریب میں طلباء نے ماحولیاتی مسائل کو بذریعہ تقاریر نمایاں انداز میں بیان کیا ، اس کے علاوہ طلباء نے ماحولیاتی مسائل کو بذریعہ پوسٹر نمائش بھی اجاگرکیا۔

علاوہ ازیں ماحولیاتی مسائل کو پوسٹر نمائش کے ذریعے بھی اجاگر کیا گیا جس میں فضائی آلودگی ، کوڑاکرکٹ کی آلودگی، آبی آلودگی ، پلاسٹک کی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور فالتو اشیاء کے کارآمد استعمال کا پیغام دیا گیا ۔تقریری مقابلہ میں فزا صدیق ، مومنہ رضاء اور ملائکہ ملک نے بالترتیب اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کی ۔ پوسٹرنمائش کے مقابلہ میںجویریہ نذیر ، بسماء زائد اور اسوہ بانو نے بالترتیب اول ، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی سیکرٹری ماحولیات مظہر فاروق جنجوعہ نے ا دارہ کی جانب سے ریاست بھر میں ماحول کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کاخصوصی ذکر کیا اور پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول امبور مظفرآباد کے جملہ سٹاف اورطلباء کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔مہمان خصوصی نے تقریب کے آخر میں تقریری مقابلہ جات ، پوسٹر نمائش میں بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں سرٹیفیکٹس ، ٹرافی اور کیش انعامات تقسیم کیے۔