ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر روٹی و نان کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے پرائس مجسٹریٹس ضلع بھر میں متحرک ہو گئے

پیر 22 اپریل 2024 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی ہدایت پر روٹی و نان کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے پرائس مجسٹریٹس ضلع بھر میں متحرک ہو گئے، حکومت پنجاب کی جانب سے روٹی و نان کی قیمتوں میں کمی کے بعد ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے،ضلع بھر میں 43 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں فیصلے پر عملدرآمد کے لیے متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز 315 تندوروں کی جانچ پڑتال کی گئی جس میں سے 117 حکومتی نرخوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جبکہ 118 تندوروں پر حکومتی نرخوں کے حساب سے روٹی و نان فروخت کیا جا رہا ہے،خلاف ورزی پر 16 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں،خلاف ورزی پر 2 لاکھ 73 ہزار جرمانہ کیا گیا اور دو تندوروں کو سر بمہر کر دیا گیا۔ 14 اپریل سے اب تک 2918 تندوروں کی چیکنگ کی گئی جن میں 194 نانبائی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جن 6 لاکھ 34 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 35 کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ، 12 تندور شاپس کو سیل کیا گیا۔