آزاد کشمیر،اڑنگ کیل میں ونٹر سپورٹس فیسٹول کا انعقاد

پیر 22 اپریل 2024 20:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) وادی نیلم کے پر فضا مقام اڑنگ کیل میں ونٹر سپورٹس فیسٹول کا انعقاد کیا گیا۔ سی ای او ٹریولیشنز سعود مختار کی سربراہی میں برف پوش مقام پر مہماتی سیاحت اور سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے ونٹر سنو سپورٹس فیسٹول میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

فیسٹول میں رسہ کشی، ہائیکنگ اور سکینگ سمیت دیگر مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منتظمین نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت منعقدہ اس فیسٹول کے انعقاد سے علاقے میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے ساتھ مقامی سطح پر سکینگ کے کھیل کے لئے گوہر نایاب تراشے جاسکتے ہیں۔ملک بھر سے آئے شرکا فیسٹیول سے خوب لطف اندوز ہوئے۔نوجوان گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔سی ای او سعود مختار نے کہا کہ فیسٹیول کا مقصد سنو سپورٹس کا فروغ ہے۔ ایسی سرگرمیوں سے نوجوان ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سنو سپورٹس کا ایک ایسا ریزارٹ بنانا چاہتے ہیں جہاں دنیا بھر سے کھلاڑی آئیں اور اپنے فن کا مظاہرہ کریں۔