عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ کی صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے ملاقات

پیر 22 اپریل 2024 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ نے پیر کو صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ اُمور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس ڈاکٹر شوکت علی نے دونوں رہنمائوں کو صحت کی موجودہ صورتحال بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ نے وزیر صحت کو ای پی آئی کیلئے دو کولڈ چین ٹرک عطیہ کردیں جو کہ ویکسین کو دیر پا موثر بنانے کیلئے کارآمد ہونگی۔

لو دی پینگ نے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کو ضم اضلاع کے ای پی آئی اہلکاروں کو ڈیٹا شیئرنگ کیلئے 1400 اینڈرائیڈموبائل فونز اور 840 اینڈرائیڈ ٹیبلٹس عطیہ کئے۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ لو دی پینگ نے حالیہ سیلاب میں ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے 3.6 ملین مالیت کی ادویات بھی محکمہ صحت کے حوالے کردیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لو دی پینگ کا پختونخوا آنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ہر مشکل وقت میں سپورٹ فراہم کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے پختونخوا دفتر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیر صحت نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بطور ٹیکنیکل لیڈ ایجنسی عالمی ادارہ صحت نے ہمیشہ محکمہ صحت کی رہنمائی کی ہے، وبائوں کے سدباب کیلئے بنائے جانے والے آئوٹ بریک سیل میں عالمی ادارہ صحت محکمے کی مدد کرے۔

انہوں نے عالمی ادارہ صحت کو مختلف اُمور میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی بھی استدعا کی۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان لودی پینگ نے اس موقع پر بتایا کہ پختونخوا کے وزیر صحت و دیگر عملے سے مل کر خوشی ہوئی، ہم نے ملکر انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہے، متعدی بیماریوں کے سدباب کیلئے ہنگامی اقدامات اُٹھانے ہونگے۔ موسمیاتی تغیر ات کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سب سے پہلے صحت کے نظام کو چیلنج کرتے ہیں، ہم نے پہلے بھی سیلاب میں سپورٹ فراہم کی ہے اوراب بھی کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :