[شیخ زید ہسپتال کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی بندش اور سالانہ انکریمنٹ میں اضافہ نہ کرنے پر باعث تشویش ہے، غلام نبی مری

ةآئے دن مہنگائی میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقہ کے گھرانوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے

پیر 22 اپریل 2024 21:05

۔کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے شیخ زید ہسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی بندش اور سالانہ انکریمنٹ میں اضافہ نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے دن مہنگائی میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقہ کے گھرانوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے جس کی وجہ سے بے راہ روی اور برائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں نہایت قلیل ہونے کی وجہ سے ان کے گھر کا چولھا مشکل سے جلتا ہے۔

انہوں نے شیخ زید ہسپتال میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کی قلیل تنخواہ پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں اتنی کم تنخواہ پر ملازمین کا گزر بسر ایک چیلنج سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

اس پر ان کی تنخواہیں چھ چھ مہینے سے ملتی بھی نہیں اور جو ملازمین پچھلے نو دس سالوں سے کام کر رہے ہیں ان کو سالانہ انکریمنٹ بھی نہیں دیے جاتے بلکہ محکمہ کے با اختیار انتظامیہ ملی بھگت کر کے ملازمین کی تنخواہیں کاٹ بھی لیتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شیخ زید ہسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے اور ان کی بند تنخواہوں کو جاری کرنے اور سالانہ انکریمنٹ دینے کا فوری اعلان کر دے۔ بی این پی غریب اور ڈیلی ویجز کے مسائل پر خاموش نہیں رہے گی بلکہ ہمیشہ غریب اور نادار طبقہ کے حقوق کے حصول کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہی ہے اور اب شیخ زید ہسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کے حقوق کے تحفظ میں بھی کسی اقدام سے کبھی گریز نہیں کرے گی اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے ۔